جموں (عامر تانترے) : جموں میں پرویز احمد نامی ایک شہری کی مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں ہلاکت پر سیاسی رد عمل شدت اختیار کر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے واقعے کی مذمت کے بعد قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے بھی خاطی افراد کے خلاف ’قتل‘ کا کیس درج کرنے کی مانگ کی ہے۔
وزیر جاوید رانا نے متوفی کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعذیت کا اظہار کیا ہے۔ بعد ازاں میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران رانا نے اس واقعے کو افسر شاہی نظام میں موجود ’عدم توازن‘ کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے اقلیتوں کو نشانہ بنانے کا بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’صوبہ جموں میں رہائش پذیر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔‘‘